Followers

Thursday, 23 February 2023

امام اعظم ابوحنیفہ اور ناخن بھر مٹی Imam Azam Aur Nakhun Bhar Mitti

 بسم اللہ الرحمن الرحیم 

۔۔۔۔۔۔

امام اعظم ابوحنیفہ اور ناخن بھر مٹی Imam Azam Aur Nakhun Bhar Mitti 

حضرت امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ اک بار بازار سے گزر رہے تھے کہ ناخن بھر کیچڑ اڑکر آپ کے لباس پر آپڑا ۔، آپ اسی وقت دجلے کے کنارے گئے اور اس مٹی کو خوب مل مل کر دھویا ۔ لوگوں نے کہا حضور آپ اس کے برابر تو نجاست کو جامے پر جائز بتاتے ہیں اور خود اس قدر مٹی کو دھوتے ہیں ۔ آُپ نے فرمایا ۔ تم سچ کہتے ہو ،۔مگر  وہ فتویٰ ہے اور یہ تقویٰ ہے ۔ ( تذکرۃ الاولیاء ، ص 251)

سبق 

ہمارے امام تقویٰ و پرہیزگاری کے پیکر تھے ۔ پھر جنہوں نے کبھی فتویٰ کی بھی پروا نہ کی ۔ وہ اگر اس پیکر تقویٰ پر کسی قسم کا طعن کریں تو کیوں نہ خود ہی مطعون ہوں گے ۔
( سچی حکایات ح 2 ص 343)



از
کلیم الدین مرکزی طرب بہاری 


امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کی مدینہ میں حاضری Imam Azam Ki Madina mein Hazri

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کی مدینہ میں حاضری Imam Azam Ki Madina mein Hazri

امام المسلمین امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ حضور سرور عالم ﷺ کی زیارت کے لیے جب مدینہ منورہ پہنچے اور روضئہ انور پر حاضر ہوئے تو آپ نے عرض کیا ۔ السلام علیک یا سید المرسلین ۔
تو روضہ انور سے جواب آیا 
وعلیک السلام یا امام المسلمین  ( تذکرۃ الاولیاء ،ص 246)

سبق 

معلوم ہوا کہ ہمارے حضور ﷺ حیات النبی ہیں ۔ غلام کا سلام سنتے ہیں اور جواب بھی عطا فرماتے ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا کہ امام اعظم رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے امام ہیں اور خود سرور عالم ﷺ نے آپ کو مسلمانوں کا امام فرمایا ہے ۔ پھر اگر کوئی شخص حضرت امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان والا میں کوئی بے ادبی کا لفظ کہے توحضور سرور ﷺ کیوں نہ اس سے ناراض ہوں گے ۔
( سچی حکایات ح 2 ص 341)





از
 کلیم الدین مرکزی طرب بہاری 

Wednesday, 11 January 2023

عرفہ کے روزے Arfa Ke Roze

 بسم اللہ الرحمٰن الرحیم 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حکایت 

عرفہ کے روزے 

۔۔۔۔۔

کسی نیک آدمی کا بیان ہے کہ میں نے خواب میں قیامت کا منظر دیکھا ،اور اپنے رفقاء میں سے ایک ساتھی کے سامنے دس نور روشن دیکھے ، جبکہ میرے لیے دو نور کی بتیاں روشن تھیں ، مجھے تعجب ہوا تو ندا آئی اس نے دس سال تک ہر عرفہ کے دن کا روزہ رکھا جب کہ تو نے عرفہ کے دو روزے رکھے !!


( زینۃ المحافل ترجمہ نزہۃ المجالس ج 1 ص 594 ) 



از

کلیم الدین مرکزی طرب بہاری 


Sunday, 4 December 2022

ریا کاری کا انجام Riya Kari Ka Anjam

 بسم اللہ الرحمن الرحیم 

۔۔۔۔

ریا کاری کا انجام Riya Kari Ka Anjam 

حکایت :۔

حضرت منصور بن عمار رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں میرا ایک دینی بھائی تھا اسے میرے ساتھ خوش عقیدت تھی ۔ دُکھ سُکھ کا ساتھی کثیر العبادہ تہجد گزار اور رب تعالیٰ کے خوف سے زارو قطار رونے والا تھا ۔ چند روز ہوئے وہ میرے پاس نہ آیا ، میں نے پوچھا تو لوگوں نے کہا وہ گھر میں عرصہ سے بیمار پڑا ہے میں اس کی طبع پُرسی کے لیے حاضر ہوا ۔ دروازہ کھٹکھٹایا تو اس کی لڑکی باہر آئی اور مجھے وہاں لے گئی ۔ میں نے دیکھا گھر کے وسط میں بستر مرگ پر پڑا ہے لیکن اس کا چہرہ سخت سیاہ ہوگیا ہے آنکھیں زرد لب خشک ہوگئے ہیں میں نے کہا کلمہ لاالہ الا اللہ کی کثرت کیجیے میرے کہنے پر آنکھ کھولی اور مجھے گھور کر دیکھنے لگا ۔ میں نے کہا بھائی اگر تم یہ کلمہ نہ پڑھوگے تو میں تجھے نہلاؤں گا نہ کفناؤں گا اور نہ تیری نماز جنازہ پڑھوں گا ۔ اس نے سن کر کہا بھائی منصور مجھ سے یہ کلمہ پڑھا نہیں جاتا ۔ میرے لیے کلمہ شریف کے آگے پردہ لٹکادیا گیا ہے ۔ میں نے کہا لاحول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم تیری نمازاور روزہ اور تہجد اور شب بیداری کہاں گئے ۔ اس نے کہا بھائی در اصل میری وہ تمام عبادت بر ریاء تھی ۔ وہ عبادت صرف اس نیت پر کی جاتی کہ لوگ مجھے بہت بڑا نیک کہیں ورنہ جب میں تنہائی میں ہوتا تو دروازہ بند کرکے ایسے فاحش اور برے گناہ کرتا کہ پناہ بخدا ؎۔
در آوازہ خواہی در اقلیم فاحش             بروں حلہ کن گودردل حشو باش 
ترجمہ:۔
اگر تم شہرت چاہتے ہو تو باہر سے لباس اچھا ہو اگرچہ اندر سے بیکار ہو ۔ 

( تفسیر روح البیان ج 2 پ 4 ص 55/ 56 مترجم حکایت )
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



اللہ غنی 
اے بھائیو!۔
دیکھا آپ نے کتنا خطرناک انجام ہے دکھا وا اور ریاکاری کا
-----
اللہ رب العزت ہم سب کو  خلوص کے ساتھ عبادت اور نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے 
دکھاوا اور ریا کاری سے بچائے اور ہم جو بھی کام کریں اس کی رضا کی  خاطر کریں 
آمین 
 
از
کلیم الدین مرکزی طرب بہاری 

Friday, 2 December 2022

حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور عابدین Hazrate Isa Alaihis Salam Aur Abidin

 بسم اللہ الرحمن الرحیم 

۔۔۔۔۔۔۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور عابدین   Hazrate Isa Alaihis Salam Aur Abidin 

۔۔۔

حکایت:۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام عابدین کی ایک جماعت پر گزرے ، جن کے بدن مشقت عبادت کی وجہ سے کمزور تھے اور چہرے پیلے ، فرمایا تم عبادت سے کیا چاہتے ہو ، وہ بولے ، عذاب الٰہی سے پناہ ، فرمایا رب تعالیٰ تمہیں اس سے پناہ دے ، دوسری جماعت پر گزرے ، جن  میں یہی آثار عبادت تھے ، فرمایا ، تم کیا چاہتے ہو؟ وہ بولے ، جنت ورحمت ، فرمایا خدائے تعالیٰ تمہیں نصیب کرے ، تیسری جماعت پر گزرے ، جن پر آثار عبادت پہلوں سے زیادہ تھے ، پوچھا تم کیوں یہ مشقتیں کر رہے ہو ؟ وہ بولے ، اس لیے کہ ہم ہیں بندے ، وہ ہے رب ، بندے کا حق ہے مولیٰ کو راضی کرنا ، ہم صرف اس کی رضا چاہتے ہیں ، نہ جہنم سے پناہ ، نہ جنت کا حصول ، آپ نے فرمایا کہ مخلص عابد تم ہی ہو ، حافظ فرماتے ہیں ؎۔

تو بندگی  چو  گدایاں  بشرط مزد مکن 
کہ  خواجہ خود  روش بندہ پروری داند 

یعنی رب تعالیٰ کی عبادت کرو ، مزدوری نہ کرو ، رب تعالیٰ سے دعائیں کرو ، اسے رائے نہ دو ، اس نے تم جیسے کروڑوں پالے ہیں ، اسے بندہ پروری خوب آتی ہے ، سر کا قبلہ بیت اللہ  دل کا قبلہ رضاء اللہ ہونا چاہیے ، جب ان دوقبلوں کا اجتماع ہوگا ، تو عبادت مجمع قبلتین ہوگی ، اور وہ بندہ مجمع بحرین ہوگا ، اللہ تعالیٰ اس قال کو حال بنائے ، اور ایسی جامع عبادت نصیب کرے :۔

( تفسیر نعیمی ج 4 پ 4 ص 282/283 ) 






آمین 

از
کلیم الدین مرکزی طرب بہاری 


Thursday, 1 December 2022

Ghause-Azam-Ke-Halqa-e-Dars-Men-Shamoliat-Ka-Faidah# غوث اعظم کے حلقئہ درس میں شمولیت کا فائدہ

 بسم اللہ الرحمن الرحیم 

--ــــــــــــــــــ--

Ghause-Azam-Ke-Halqa-e-Dars-Men-Shamoliat-Ka-Faidah# غوث اعظم کے حلقہ درس میں شمولیت کا فائدہ 

شہزادہ داراشکوہ نے اپنی کتاب سفینۃ الاولیاء  ص 70 پر لکھا ہے کہ 

غوث الثقلین نے فرمایا ہے کہ جس کسی کو میرے حلقئہ درس میں شمولیت کا اتفاق ہوا ہے یا جس نے میری زیارت کی ہے تو قبر کے فشار اور قیامت کے عذاب میں اس کے لیے کمی کردی جائے گی -۔

روایات میں آیا ہے کہ ہمدان سے ایک مشتاق زیارت غوث اعظم کی خدمت اقدس میں حاضر ہوا اور اس نے یہ عرض کیا کہ حضرت ! میرے والد ماجد اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں ، انہیں میں نے خواب میں دیکھا تو انہوں نے مجھے یہ اطلاع دی کہ قبر میں مجھ پر عذاب ہو رہا ہے اور یہ کہ تم غوث الاعظم کے پاس جاکر دعا کی درخواست کرو ۔ آپ نے دریافت فرمایا ، کیا وہ ہمارے حلقئہ درس میں شامل ہوا ہے ؟، جواب میں اس شخص نے کہا کہ شامل تو ہوا ہے ، اس پر آپ نے سکوت اختیار کیا ، دوسرے دن وہ شخص پھر حاضر ہوا اور عرض کیا کہ رات کے خواب میں ، میں نے اپنے والد محترم کو بہت ہشاش بشاش دیکھا ہے وہ سبز لباس پہنے ہوئے تھے اور یہ فرماتے تھے کہ عذاب قبر مجھ سے دور کردیا گیا ہے یہ پوشاک جو میں نے پہنی ہوئی ہے شیخ کے صدقے میں مجھے مرحمت کی گئی ہے تجھے چاہیے کہ تو ہمیشہ شیخ کی خدمت میں حاضر باش رہا کر وہ آنکھیں بڑی خوش نصیب ہیں جنہیں حضور کے دیدار کی سعادت حاصل ہوئی ہے وہ کان کتنے مبارک ہیں جن میں آپ کی آواز کی بھنک پڑی ہے اور وہ شخص جس نے آپ کے حلقہ درس میں شمولیت کی وہ بھی بڑا خوش نصیب ہے ۔

( سفینۃ الاولیاء ص 70 از شہزادہ داراشکوہ  مترجم  ) 



ـــــــــــــــــ

اللہ اللہ ــــ-

ذرا دیکھیں! تو سہی !غوث اعظم رضی اللہ عنہ نے اس کی مدد فرمائیں جو کہ قبر کے اندر عذاب خداوندی میں گرفتار تھا اس نے جب اپنے بیٹے کے ذریعہ غوث اعظم کی بارگاہ میں عریضہ پیش کیا ہےتو  اللہ رب العزت کی عطا سے (غوث اعظم نے مدد فرمائی ہےاورغوث اعظم کے صدقے میں عذاب دور کردیاگیا ہے)۔
یہ تو میرے غیب داں نبی ﷺ کے غلاموں کے غلام اوران ک امتی کے تصرف و اختیار کا معاملہ ہے اور اس امت کے ولی کا یہ حال ہے  تو جو پوری کائنات کے لیے رحمت اور نبیوں کا سردار ہو، بے مثل و بے مثال ہو ان کے تصرفات و اختیارات کا عالم کیا ہوگا ؎۔

جب ان کے گدا بھر دیتے ہیں شاہان زمانہ کی جھولی 
محتاج  کا  جب  یہ  عالم  ہے  مختار  کا عالم کیا ہوگا 



نگاہِ ولی  میں  وہ تاثیر دیکھی
بدلتی ہزاروں  کی تقدیر دیکھی 

الٹے  ہی  چال چلتے ہیں دیوانگانِ عشق 
آنکھوں کو  بند کرتے ہیں دیدار کے لیے 
---------
از
کلیم الدین مرکزی طرب بہاری 

Tuesday, 29 November 2022

Be Namazi Ki Nahusat Aur Uski Wajah Se Tabahi بے نمازی کی نحوست اور اس کی وجہ سے تباہی

 بسم اللہ الرحمن الرحیم


Be Namazi Ki Nahusat Aur Uski Wajah Se Tabahi بے نمازی کی نحوست اور اس کی وجہ سے تباہی 


حکایت :۔ 

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا ایک گاؤں میں جانا ہوا ، جہاں بکثرت درخت تھے ، نہریں جاری تھیں ، لوگ بڑے خوشحال اور مہمان نواز تھے ، آپ کا بڑا خیر مقدم کیا ، خوب خدمت انجام دی ، ان کی اس قدر فرماں برداری اور کشادگی پر بڑے متعجب ہوئے ، پھر آپ کا تین سال بعد وہیں جانا ہوا تو دیکھا درخت خشک اور نہریں بند پڑی ہیں ،گاؤں اجڑ چکا ہے ! آپ حیران تھے کہ جبرائیل علیہ السلام حاضر ہوئے اور بیان کیا ! اے روح اللہ یہاں سے ایک بے نمازی کا گزر ہوا جس نے ان چشموں سے منہ دھویا تھا اس کی نحوست کا اثر ہے کہ درخت مرجھا گئے نہریں خشک ہوئیں اورگاؤں ویران ہوگیا ! اے عیسیٰ علیہ السلام جب نماز کا چھوڑنا دین کی ویرانی کا باعث ہے تو وہ دنیا کی تباہی کا سبب بھی بن سکتی ہے !

 (زینۃ  المحافل ترجمہ نزھۃ المجالس ج 1 ص 493)





۔۔۔۔

 سبق

اس واقعہ سے پتا چلا کہ نماز کبھی بھی نہیں چھوڑنی چاہیے سفر ہو یا حضر، کہ نماز چھوڑنا بہت برا عمل ہے نماز چھوڑنے والوں پر اللہ تعالیٰ کا قہر اور عذاب نازل ہوا کرتا ہے 
اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہم سب کو مکمل دینداری کے ساتھ ساتھ پکا نمازی بھی بنادے آمین 

۔۔۔۔
از
کلیم الدین مرکزی طرب بہاری 

 

 


امام اعظم ابوحنیفہ اور ناخن بھر مٹی Imam Azam Aur Nakhun Bhar Mitti

 بسم اللہ الرحمن الرحیم  ۔۔۔۔۔۔ امام اعظم ابوحنیفہ اور ناخن بھر مٹی Imam Azam Aur Nakhun Bhar Mitti  حضرت امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ اک ب...